امریکی قونصل خانے جاسوسوں کا گڑھ ہیں، ترک صدر
انقرہ (خبر ایجنسیاں) ترک صدر رجب طیب اردوان نے انکشاف کیا ہے کہ ترکی میں موجود بعض امریکی قونصل خانے جاسوسوں کا گڑھ ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر کا کہنا ہے کہ گولن تنظیم کے جاسوس امریکی قونصل خانوں میں فتح اللہ گولن کی خدمت پر مامور ہیں ، اسی طرح جاسوس امریکا میں بھی ہیں جو پل پل کی خبر کانگریس کو دیتے ہیں ۔ صدر اردوان نے بتایا کہ وزیر خارجہ مولود چاوش اولو اور ان کے امریکی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے اس بحران کے حل کیلئے ایک مشترکہ کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کی ہے جس کے جواب کے ہم منتظر ہیں ۔ روس سے خریدے جانے والے ایس 400 دفاعی نظام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میزائلوں کی مشترکہ تیاری کا مرحلہ بھی زیر غور ہے ، جس پر جلد ہی عمل ہو گا۔ روسی صدر پوٹن سے اس کے بعد ہم ایس 500 دفاعی نظام کے حصول کیلیے بھی بات چیت کریں گے ۔