امریکی دھمکیوں کے خلاف ترکی کا پاکستان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی
ترکی کے صدر طیب اردوان نے صدر ممنون حسین کو ٹیلی فون کیا ہے ،اس رابطے کے دوران ترک صدر نے امریکی دھمکیوں کے خلاف ترکی کے پاکستان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔
ترک صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شاندار قربانیوں کے باوجود امریکی صدر کا طرز عمل ناپسندیدہ ہے جبکہ صدر ممنون حسین نے کہا کہ نامناسب امریکی پیغام کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق ترکی کے صدر طیب اردوان نے صدر ممنون حسین کو فون کرکے پاکستان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ ترکی ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ ہے، صدر ٹرمپ کا ٹویٹ ناپسندیدہ اور پاکستان کی قربانیاں باوقار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندار ہیں، پاکستان اور ترکی برادر ملک ہیں اور ہر طرح کی صورت حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب صدر ممنون نے ترک صدر کے اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک بھائیوں کے محبت بھرے پیغام سے فخر کا احساس ہوا۔
صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ نامناسب امریکی پیغام کا مناسب جواب دیا جائے گا جبکہ پاکستان رابطے اور تعاون کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے لیکن اس کے جذبات کی قدر نہیں کی گئی۔