امریکہ کے یہ شہر افغانستان سے بھی زیادہ غیر محفوظ ہیں‘ معروف شخصیت نے ایسی بات کہہ دی کہ امریکہ میں ہنگامہ برپا ہوگیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے نسل پرستانہ اور متعصبانہ بیانات کے باعث آئے روز کوئی نیا تنازعہ کھڑا کر تے رہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے ایک ایسا بیان دے دیا جس سے پورے امریکہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق نارتھ کیرولینا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے بعض اندرونی شہروں کو افغانستان سے بھی زیادہ غیرمحفوظ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ہم اپنے اندرونی شہروں کی تعمیر نو کرنے جا رہے ہیں کیونکہ ہماری افریقی امریکن کمیونٹی، جو ان شہروں میں رہتی ہے، اس کی حالت جس قدر آج بری ہو چکی ہے اتنی تاریخ میں پہلے کبھی نہ ہوئی تھی۔ تم اندرونی شہروں پر ایک نظر ڈالو۔ تمہیں وہاں نہ تعلیم نظر آئے گی اورنہ نوکریاں۔ ان شہروں میں گلی میں جاتے ہوئے کسی بھی وقت آپ کو گولی لگ سکتی ہے۔وہاں بدحالی اپنے عروج پر ہے۔ میں ایمانداری سے کہتا ہوں کہ ہمارے ان شہروں کی نسبت افغانستان زیادہ محفوظ جگہ ہے۔“
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے افریقی امریکیوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے یہ بیان دیا ہے جو الٹا ان کے گلے پڑ گیا ہے۔ امریکی شہری بڑی تعداد میںسوشل میڈیا پر اس بیان کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔واضح رہے کہ سیاہ فام امریکیوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت انتہائی نچلی سطح پر ہے۔ امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر باراک اوباما کے مقابلے میں آنے والے ری پبلکن امیدوار کو سیاہ فاموں سے جتنی حمایت ملی تھی ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اتنی ہی مل رہی ہے۔چنانچہ وہ سیاہ فام ووٹروں کو لبھانے کے لیے ہر جگہ ان کی غربت کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔