امریکہ کا اصل ہدف پاکستان کو ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی سے محروم کرناہے :حافظ محمد سعید
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کیخلاف حکومت اور اپوزیشن سمیت سب سیسہ پلائی دیوار بن جائیں،قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کرمشترکہ اور مضبوط موقف دنیا کے سامنے پیش کیا جائے،جماعةالدعوة اور فلاح انسانیت فاؤ نڈیشن کیخلاف اقدامات سے بھی امریکہ و بھارت مطمئن نہیں ہوں گے،وہ پاکستان کو اس کی ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی سے محروم کرنا چاہتے ہیں،وزیر دفاع کے پاس جماعۃ الدعوۃ کیخلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالتو ں میں پیش کریں،الزامات لگانا آسان عدالتوں میں ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے،مشکل وقت میں اندرونی اختلاف سے بڑا زہر کوئی نہیں،بھارت و امریکہ کی خوشنودی کیلئے بعض حکومتی وزراءملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول برباد کر رہے ہیں۔
مرکز القادسیہ میں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں حکمرانوں پر دباؤ بڑھا کر جماعۃ الدعوۃ کیخلاف کارروائی چاہتی ہیں تاکہ یہاں غیرت و حمیت والی آوازیں نہ اٹھ سکیں، دکھ سے کہنا پڑتا ہے کہ پہلے جو الزامات ہم پر انڈیا لگاتا تھا وہی زبان آج پاکستانی وزیر دفاع استعمال کر رہے ہیں،جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤ نڈیشن کیخلاف کاروائی کو ردالفساد کا حصہ قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں،انڈیا کی طرف سے بھجوائے گئے ڈوزیئرز حکومتی ذمہ داران ہمارے خلاف عدالتوں میں پیش کرتے رہے لیکن پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے ہمارے حق میں فیصلے دیئے اور کوئی الزام ثابت نہیں کیا جاسکا، جماعۃ الدعوۃ کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے والے حکومتی وزراءبھی عدالتوں میں ہمارے خلاف کچھ ثابت نہیں کر سکتے۔انہوںنے کہاکہ کل تک انڈیا ہم پر الزامات لگاتا تھا تو ہم اس سے بات کرتے اور خوش ہوتے تھے لیکن آج ہمیں اپنے ملک کے وزیر دفاع کو عدالتوں میں جانے کاخوشی سے چیلنج نہیں کر رہے لیکن افسوس ہے کہ جب میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے تو ہمیں بھی بولنا پڑ رہا ہے۔ہم بڑی تکلیف کے ساتھ یہ باتیں کر رہے ہیں۔حکومتی ذمہ داران کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ملک کے دفاع کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح وہ ملکی مفادات کا تحفظ کر سکتے ہیں ، اس سے تو دشمن کو اور زیادہ موقع ملے گا،آپ نے آج تک کیا کیا ہے؟انڈیا میرے خلاف پروپیگنڈہ کرتا ہے، امریکی شرطیں لگاتے ہیں اور آپ سرتسلیم خم کرتے ہوئے مجھے نظربند کر دیتے ہیں،کیا کبھی اس سے ملک پر کوئی دباﺅ کم ہوا ہے؟ بلکہ ایسی حرکتوں سے اور زیادہ دباﺅ بڑھا ہے۔
حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیرونی دباﺅ کا مقابلہ کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ حکمران جرا ت و استقامت کے ساتھ وطن عزیز پاکستان کا دفاع کریں پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔اس وقت پاکستان کا جن حالات کا سامنا ہے سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے،یہ وقت ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کا ہے، اسی سے پاکستان مضبوط ہو گا اور اس کی جانب اٹھنے والا ہر قدم ناکام ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ہم خدمت کی سیاست کرنے والے لوگ اور اس ملک کے محافظ ہیں،بے بنیاد الزام تراشیوں کاطریقہ درست نہیں ، امریکہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر منتقل کرنا چاہتے ہیں، ہمیں متحد ہو کر دشمن کی ان مذموم سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔