امریکہ َ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت اور عالمی معاملات میں اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہے
تہران (آئی این پی) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ٹرمپ سے ایسی ہی من گھڑت اور توہین آمیز باتوں کی امید تھی، امریکااسلامی انقلاب کی کامیابی کا دشمن ہے ،خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت اور عالمی معاملات میں اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہے ، امریکا کے اتحادی ممالک سمیت عالمی برادری ٹرمپ کے موقف کی مخالفت اور جوہری معاہدے کی حمایت کررہی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے صدرڈاکٹرحسن روحانی نے گزشتہ روز تہران میں منعقدہ ثقافتی انقلاب کی اعلیٰ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے خلاف ایرانی قوم کے اتحاد اور حکام کے سنجیدہ موقف کی تعریف کی اورکہا کہ قوم کی آگاہی اور مزاحمت سے ٹرمپ کی باتوں کی حیثیت نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی باتوں سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ہمارے دشمن اور بد خواہ خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت اورعالمی معاملات میں ہمارے اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہیں۔ امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کے علاوہ دیگرعالمی معاہدوں کی عدم پاسداری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا نے اس وقت جو راستہ اپنایا ہے وہ تنہائی اور عدم اعتماد کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری عالمی برادری حتیٰ کہ امریکا کے اتحادی ممالک نے بھی ٹرمپ کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے جوہری معاہدے کی حمایت اور ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔