امریکہ میں سمندری طوفان، بگولوں,بارش سے تباہی 14 ہلاک
واشنگٹن (ایجنسیاں )امریکہ کی مختلف ریاستوں میں سمندری طوفان، بگولوں اور بارشوں نے تباہی مچادی،مختلف حادثات میں 14افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ،متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ‘‘کنڈی’’نامی طوفان کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق امریکہ کی جنوبی ریاستوں ٹیکساس، ارکنساس، مسوری اور مسی سیپی میں سمندری طوفان اور تیز ہواؤں نے تباہی مچادی،مختلف علاقوں کو طوفانی بگولوں نے بھی لپیٹ میں لے لیاجس کی زد میں آکر کئی گاڑیاں اور گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ۔ ٹیکساس میں درخت گرنے ، گھر تباہ ہونے سمیت دیگر حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔بیشتر علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔بگولوں، آندھی اورژالہ باری کے باعث متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔ محکمہ موسمیات نے حالیہ طوفان کو ‘‘کنڈی’’ کا نام دیا ہے جس کی شدت میں آئندہ چند روز کے دوران مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔