امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کررہے ہیں اور امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال سے کسی امریکی صدر نے مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر پیش رفت نہیں کی تاہم اتنے طویل عرصے کے بعد ہم دیرینہ امن کے قریب ہیں، مقبوضہ بیت المقدس کامیاب جمہوریتوں کا دل ہے اور یہاں اسرائیلی پارلیمنٹ بھی موجود ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا اقدام امن کے لیے ناگزیر تھا اس اقدام کے باوجود اسرائیل اور فلسطین کی خود مختار حیثیت قائم رہے گی جب کہ مقبوضہ بیت المقدس میں تمام مذاہب کے ماننے والے پرسکون زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلوم ہے اس فیصلے کی مخالفت کی جائے گی تاہم امریکا دو ریاستی نظریے کی مشروط حمایت کرتا ہے ہمیں نفرت کی نہیں بلکہ بردباری کی ضرورت ہے اور اپنی نسلوں کو تنازعات کے بجائے امن دے کر جانا چاہتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ہدایت کی ہے کہ امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کی تیاری کی جائے جب کہ انہوں نے خطے کے لیڈروں سے امن کی تلاش کے لیے ملکر کام کرنے کی بھی اپیل کی، ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے حکم نامے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
دوسری جانب ترک صدر طیب اردگان نے امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کا اقدام مسلمانوں کے لیے سرخ لکیر کی مانند ہے، ٹرمپ اس لائن کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں، یہ اقدام نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانیت کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا، کیا امریکا نے تمام کام کرلیے ہیں جو اس کے کرنے کے لیے صرف یہی ایک کام رہ گیا ہے۔
ادھر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں اور ان مقامات سے مسلمانوں کی وابستگی بہت گہری ہے۔ اس نازک معاملے پر کسی بھی متنازع امریکی فیصلے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچے گی، امریکا کا یہ فیصلہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے عمل کو ناصرف متاثر کرے گا بلکہ خطے میں تناؤ اور کشیدگی میں اضافے کا بھی باعث ہوگا۔
پاکستان نے بھی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدام عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، امریکی اقدام مشرق وسطیٰ کے امن عمل کی تباہی کا باعث ہوگا جب کہ پاکستان بیت المقدس کواسرائیل کا دارالخلافہ ماننے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، امریکی فیصلے کی مخالفت میں پاکستان عالمی برادری کےساتھ
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے صورتحال کوسنجیدگی سے لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل اقوام کے چارٹرکے مطابق نوٹس لے اور خطے میں صورتحال بگڑنے سے پہلے امریکا فیصلے پر نظرثانی کرے جب کہ اگلے ہفتے ترکی کی جانب سے اسلامک سمٹ بلانے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسلامک کانفرنس میں اس مسئلے پرسنجیدہ بحث ہوگی۔
Prime Minister Benjamin Netanyahu: @POTUS Trump, thank you for today’s historic decision to recognize Jerusalem as Israel’s capital. The Jewish people and the Jewish state will be forever grateful. pic.twitter.com/Z24lSRezYm
— PM of Israel (@IsraeliPM) December 6, 2017
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جب کہ اسرائیل اور اسرائیلی عوام ہمیشہ آپ کے شکر گزار رہیں گے۔
فلسطینی صدرمحمودعباس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانےکی منتقلی کا فیصلہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، امریکی فیصلہ تشدد پسندعناصرکی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا اور مسئلہ فلسطین کومذہبی جنگ بنانے والوں کوتقویت ملے گی جب کہ دارالحکومت منتقل کرنے کے فیصلے کے بعد امریکا امن فریق نہیں رہا، امریکی فیصلہ 2 ریاستی حل کی پُرامن کوششوں پر پانی پھیردے گا۔
فلسطینی تنظیم حماس نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے نے جہنم کے دروازے کھول دیے ہیں جب کہ ٹرمپ نے امریکا کو مستقبل میں کسی بھی امن عمل کے لیے نااہل کر دیا ہے۔
برطانیہ نے بھی مقبوضہ بیت المقدس پر فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کی حمایت نہیں کرتے جب کہ برطانیہ مقبوضہ بیت المقدس پر فیصلہ سے اتفاق نہیں کرتا۔
ترکی نے بھی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ بیان قرار دیا جب کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت ماننے کے خلاف ترکی میں مظاہرے بھی شروع ہوگئے ہیں، امریکی قونصل خانے کے باہر سینکڑوں افراد جمع ہوکر امریکا مخالف نعرے بازی کررہے ہیں۔
لبنان کے صدر نے بھی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق فیصلہ خطرناک ہے اور اس سے امریکا کے امن عمل میں ثالثی کردار کو نقصان پہنچے گا جب کہ اس فیصلے نے امن کے عمل کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
مصری صدر نے ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی فیصلے کی مذمت کی ہے جب کہ فرانس نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پرامریکی فیصلے کے ساتھ نہیں ہیں۔
جرمن جانسلر انجیلا مرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی فیصلے کے ساتھ نہیں۔