امریکا نے قذافی دور کے بقیہ ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ کر دینے پر مبارک باد پیش کی
امریکا نے لیبیا کے صدرمعمر قذافی کے دور کے بقیہ ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ کر دینے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ لیبیا 2004 میں کیمیائی ہتھیاروں کو ممنوع قرار دینے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوا تھا۔
وہائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا کہ قذافی کے دور کے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تلف کرنے پر امریکا لیبیا کو تہنیت پیش کرتا ہے۔ امریکی انتظامیہ شام سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنا کیمیائی ہتھیاروں کا پروگرام مکمل طور پر بند کر دے اور اس بات کی ضمانت دے کہ آج کے بعد یہ ہتھیار شامی عوام کے خلاف استعمال نہیں کیے جا سکیں گے۔
دوسری جانب کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم نے بھی لیبیا کی جانب سے اپنے پاس موجود اس نوعیت کے ہتھیاروں کی آخری کھیپ تباہ کر دینے کے اقدام کو سراہا۔ تنظیم نے اس اقدام کو دنیا کو زیادہ پر امن بنانے کے لیےایک تاریخی موقع قرار دیا۔