امریکا نے سول اور ملٹری امداد کے نام پر اب تک جو رقم دی وہ نہ ہونے کے برابر تھی- وزیر اعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ امریکی امداد پاکستان کے لیے غیر اہم ہے ، پاکستان خود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لیڈر کا کردار ادا کر رہا ہے، اس جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے،دہشت گردی کےخلاف جنگ اپنےوسائل سےلڑ رہےہیں جس سے معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
برطانوی اخبار کو انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے سول اور ملٹری امداد کے نام پر اب تک جو رقم دی وہ نہ ہونے کے برابر تھی ، گزشتہ 5سالوں میں ہر برس ۱کروڑ ڈالر سے بھی کم امداد ملی جو بہت ہی کم اور غیر اہم رقم ہے ، اخباروں میں آنے والے دو سو پچاس ملین ، چار سو ، نو سو ملین امداد کا ہمیں تو معلوم نہیں ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے جس نے ہمیشہ عالمی قوانین کی پاسداری کی ہے ، آج پاکستان دنیا میں انسداد دہشت گردی کی سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے ، یہ جنگ پاکستان اپنے وسائل سے لڑ رہا ہے جس پر دنیا کو ہمیں سراہنا چاہیے ، اس جنگ میں پاکستانی معیشت کو ایک سو بیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں سے لڑرہے ہیں، اس پر کوئی یہ کہتا ہے کہ ہم دہشت گردوں کو پال رہے ہیں تو وہ انتہائی مبالغے سے کام لے رہا ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں عالمی افواج دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوئیں اور وہی دہشت گرد آج سرحد پار سے پاکستان پر حملے کرتے ہیں۔