امریکا ,شمالی کوریاتحمل کا مظاہرہ کریں:چین

بیجنگ،واشنگٹن(نیوز وی او سی خبرایجنسیاں)چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکااور شمالی کوریاتحمل کا مظاہرہ کریں،فریقین پیانگ یانگ کو مذاکراتی میز پر واپس لانے کی کوشش کریں،دونوں ممالک ایسے اقدامات و بیانات سے گریز کریں جو کشیدگی کو مزید ہوا دے ،چین اور امریکا شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے دستبردار کرانے کے حوالے سے یکساں مفادات رکھتے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا چین کیساتھ عالمی امور پر مشاورت کیلئے تیار ہے جبکہ روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونون ممالک کی جانب سے دھمکیوں کے نقصانات بہت زیادہ ہونگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور امریکا جزیرہ نما کوریا کو جوہری پروگرام سے دستبردار کرانے اور وہاں امن و استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے یکساں مفادات رکھتے ہیں۔تاہم تمام متعلقہ فریقین کو ایسے اقدامات اور بیانات سے گریز کرنا ہوگا جو اس کشیدگی کو مزید ہوا دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں شمالی کوریا کو مذاکراتی میز پر لانے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی اور اس کے لئے مثبت طرز عمل کا مظاہرہ بھی کرنا ہوگا۔ادھر گفتگوکے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جزیرہ نماکوریا کے ایٹمی مسئلے میں چین کے کردار کو مکمل طور پر سمجھا ہے ، امریکا چین کے ساتھ عالمی و علاقائی امور پر مزید مشاورت پر تیار ہے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ فریقین کو صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے جزیرہ نماکوریا کے مسئلے کوسنگین بنا نے سے گریز کرنا چاہیے ، مذاکرات اور سیاسی طریقے سے جزیرہ نما کوریا کے ایٹمی مسئلے کے حل پر کاربند رہنا چاہیے ،چین باہمی احترام کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ جزیرہ نما کوریا کے ایٹمی مسئلے کے حل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر ان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ، ان کا مزید کہنا تھا کہ فریقین کو پہلے سے طے شدہ اتفاق رائے کی بنیاد پر مشاورت کو مضبوط بنانا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں