امریکا دھمکیوں پر اتر آیا ہے جسے برداشت نہیں کرسکتے، روس
ماسکو: روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ امریکا دھمکیوں اوردباؤ پر اتر آیا ہے جسے کوئی بھی برداشت نہیں کرسکتا۔
روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریبکوف نے کہاکہ امریکا مسائل کے حل کے لیے معمول کے مذاکرات کے بجائے دھمکیوں اوردباؤ پر اتر آیا ہے جسے کوئی بھی برداشت نہیں کرسکتا اور یقینا اس کا کوئی نتیجہ بھی برآمد نہیں ہوگا۔
روس کے نائب وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کے متن کے بارے میں از سر نو مذاکرات کی توقع نہیں رکھنا چاہیے۔ انھوں نے واضح کیا کہ امریکی اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف اس کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی پابندی کا معاملہ مشکوک ہوگیا بلکہ ایران کے خلاف دباؤ میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
سرگئی ریبکوف نے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بارے میں ازسر نو مذاکرات کی امریکی درخواست کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی کو ششوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔