امریکا:’’راز‘‘ لیک کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان
ملک کے تحفظ اور حکومتی استعداد کو نقصان پہنچ رہا ہے ، امریکی اٹارنی جنرل واشنگٹن (اے پی پی)ٹرمپ انتظامیہ نے راز افشاء کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے جمعہ کو اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور صدر ٹرمپ راز افشاء کے معاملات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس عمل کو روکنے کیلئے موجودہ انتظامیہ نے اوباما انتظامیہ کے مقابلے میں تفتیشی عمل کو تین گنا بڑھا دیا ہے تاکہ ملکی رازوں کو عام ہونے سے روکا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راز لیک ہونے سے ہمارے ملک کے تحفظ اور حکومتی استعداد کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ علاوہ ازیں امریکا چین پر تجارتی پابندیاں عائد کر سکتا ہے ، پابندیوں کا با ضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے ، چین بڑے پیمانے پر تجارت میں چوری جیسے طریقے استعمال کر رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے کہا ہے کہ امریکا چین پر تجارتی پابندیاں عائد کر سکتا ہے ، انہوں نے چین اور یورپ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ سستے قرضوں، توانائی میں زر تلافی اور ٹیکسوں میں چھوٹ کے ذریعے منصفانہ تجارت کی نفی کر رہے ہیں ۔