Draft

امراؤ جان‘ کی ریکھا 63 برس کی ہوگئیں

اسلام آباد 11 اکتوبر
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)

بولی وڈ کی نہایت خوبصورت اداکارہ ریکھا 63 برس کی ہوگئیں بڑھتی عمر کے باوجود ان کے ٹیلنٹ اور خوبصورتی میں آج بھی کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔

ریکھا کو ان کی بہترین اداکاری کے لیے پہچانا جاتا ہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔

قاتل نگاہوں اور نمکین رنگت والی بولی وڈ کی ساحرہ ریکھا نے 10 اکتوبر 1954 کو مدراس کے ایک گھرانے میں آنکھ کھولی۔

11 سال کی عمر میں تیلگو فلم میں اداکاری سے کرئیر شروع کیا، 1969 میں ہندی فلم ‘دو شکاری’ کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔


1976 میں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ‘دو انجانے’ میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا، 1978 میں فلم ‘مقدرکا سکندر’ نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ریکھا کی آنکھوں کی مستی تو سب ہی کو یاد ہوگی، فلم ’امراؤ جان‘ میں ان کی اداؤں نے بھی ثابت کر دیا کہ وہ ہی بولی وڈ کی اصل ڈیوا ہیں۔

ان کی فلموں میں ساون بھادو، نمک حرام، خون پسینہ، جیون دھارا، اگر تم نہ ہوتے، پھول بنے انگارے، زبیدہ اور دیگر کئی فلموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔

اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔

واضح رہے کہ 1980 کی دہائی میں ریکھا اور امیتابھ کے تعلقات کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں اور لوگوں کا خیال تھا کہ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرلیں گے لیکن ایسا نہ ہوپایا اور امیتابھ بچن نے جیا بہادری سے شادی کرلی۔

ریکھا نے اپنی جوانی کی اداؤں سے تو دلوں کا چین لوٹا مگر آج بھی ان میں ویسی ہی دلکشی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ریکھا کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر ہے وہیں امیتابھ بچن 11 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button