پاکستان

امجد صابری قتل کیس؛ مجرم عاصم کیپری کی سزائے موت چیلنج

عاصم کا کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق نہیں اس لئے اس پر فوجی عدالت کا اطلاق بھی نہیں ہوتا، اہلیہ کی درخواست

کراچی: مشہور قوال امجد صابری کے قتل میں سزا یافتہ مجرم عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی سزائے موت سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔
معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مرکزی اور سزا یافتہ مجرم عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو فوجی عدالت سے ملنے والی سزائے موت کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ عاصم کیپری کی اہلیہ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 19 اپریل 2018 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز سے اپنے شوہر کی سزائے موت کی اطلاع ملی۔ فوجی عدالت کے فیصلے کی نقول کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا تاہم ٹرائل اور فوجی عدالت سے منتقل کوئی معلومات نہیں دی جارہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے شوہرعاصم کا کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق نہیں اس لئے اس پر فوجی عدالت کا اطلاق بھی نہیں ہوتا، لہذٰا عدالت اپیل کے فیصلے تک فوجی عدالت کی سزا کالعدم قرار دے اور متعلقہ حکام کو سزائے موت دینے سے روکا جائے۔ درخواست میں وزارتِ دفاع، وزرات داخلہ اوردیگر کو فریق بنایا گیا
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار امجد صابری موقع پر جاں بحق جب کہ ان کے دیگر 2 ساتھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔ 2 اپریل 2018 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 10 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی تھی، سزائے موت پانے والے مجرموں میں معروف قوال امجد صابری کے قاتل محمد اسحاق ولد محمد ابراہیم اور محمد عاصم ولد عبدالرحمان بھی شامل تھے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button