الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ۔۔۔“ سیکریٹری الیکشن کمیشن
اسلام آباد (نیوز وی او سی آ ن لائن ) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہاہے کہ ”میری ذاتی رائے ہے کہ بین الاقوامی سطح پر الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جائے گی ، صوبائی حکومتوں نے حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگانے کی یقین دہائی کروائی ہے ، کیمروں کو لائیو دکھانے میں ہیکنگ کے مسائل ہو سکتے ہیں ا س لیے ریکارڈنگ ہونی چاہیے ، سیکیورٹی کیمرے شرپسندوں اور الیکشن عملے پر بھی نظر رکھیں گے “۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس ہوا جس دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لازمی ووٹنگ کے لیے ہمارے پاس قانون نہیں ہے، دنیا کے اکثر ممالک میں لازمی ووٹنگ ہے،گزشتہ انتخابات میں ملک میں امن وامان کی صورتحال بہت خراب تھی، ہرپولنگ اسٹیشن پر5پولیس اہلکارتعینات ہوں توساڑھے3لاکھ اہلکارہونے چاہئیں، فوج کی تعیناتی سے متعلق ابتدائی اجلاس ہوئے ہیں، آئین کے تحت یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں آتا، تعیناتی کا فیصلہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنزمیں کیمرے لگائے جا ئیں گے،ذاتی رائے ہے کہ بین الاقوامی سطح سے الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جائے گی،اس معاملے پر ان کیمرا بریفنگ دے سکتا ہوں،انتخابات 2018 کیلئے85 ہزارپولنگ اسٹیشن ہوں گے، ملک میں 20 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، صوبائی حکومتوں نے حساس پولنگ اسٹیشنزپرکیمرے لگانےکی یقین دہائی کرائی ہے،کمیٹی تمام پولنگ اسٹیشنزپرسی سی ٹی وی کیمرے لگانےکی تجویزدے سکتی ہے،کیمروں سے ووٹر کا خفیہ ووٹ ڈالنے کا حق متاثر نہیں ہوگا، سیکیورٹی کیمرے کرائے پر حاصل کیے جائیں گے، سیکیورٹی کیمرے شرپسندوں اورالیکشن عملے پربھی نظر رکھیں گے،کیمروں کولائیو دیکھنے میں ہیکنگ کے مسائل ہوسکتے ہیں، رکارڈنگ ہونی چاہیے۔
ان کا کہناتھا کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس 31 مئی کو ہے، ایسی تقریرنہ کی جائے جس سے امن وامان خراب ہو، الیکشن کے لیے بیلٹ پیپرز کے خصوصی سیکیورٹی فیچرز رکھے گئے ہیں،ان سیکیورٹی فیچرز کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے، ان سیکیورٹی فیچرزکا بطورسیکرٹری الیکشن کمیشن مجھے بھی علم نہیں، فالتو بیلٹ پیپرز نہیں چھاپے جائیں گے، باقی رہ جانےوالے بیلٹ پیپر ہمارے سیف ہاو¿س میں ہوں گے۔