پاکستان

الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو نامزدگی فارم جاری کرنے سے روک دیا

ا سلام آباد : ( سی این اے / نیوز ایجنسی )
نیوز وی او سی ذرائع
کاغذات نامزدگی کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو نامزدگی فارم جاری کرنے سے روک دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 849 ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کردیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے باعث تمام ریٹرننگ افسران کل کاغذات نامزدگی موصول نہ کریں۔چیف الیکشن کمیشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کاغذات نامزدگی میں ترمیم کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست گزار کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے پارلیمنٹ کے تیار کردہ کاغذات نامزدگی کو آئین سے متصادم قرار دے دیا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی میں ترمیم کی جس کے تحت امیدوار اپنے اثاثے، آف شور کمپنیاں اور مقدمات کو ظاہر کرنے کا پابند نہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ نئے کاغذات کے مطابق امیدوار دوہری شہریت اور ٹیکس کے معاملات بھی ظاہر کرنے کا پابند نہیں۔ اس طرح عملا آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کو غیر موثر کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ کاغذات نامزدگی میں تبدیلی الیکشن کمیشن ہی کر سکتا ہے۔ پارلیمنٹ نے یہ ترمیم کر کے اپنی حدود سے تجاوز کیا لہٰذا عدالت کاغذات نامزدگی میں ترمیم کالعدم قرار دے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواست گزار کی جانب سے اٹھائے گئے آئینی نکات کو درست قرار دیا۔عدالت نے کاغذات نامزدگی میں کی گئی ترمیم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ نئے قانون کے مطابق دوبارہ کاغذات نامزدگی بنائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ آرٹیکل 62، 63 کے حوالے سے کاغذات نامزدگی میں شقیں حذف نہیں کی جاسکتیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button