Draft

الیکشن برائے الیکشن سے ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا ،پارلیمانی کمیشن کی تجاویز کو عملی جامہ پہنایا جائے:سینیٹر سراج الحق

اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے صدر مملکت کی طرف سے الیکشن 2018ءکے لیے تاریخ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس ضرورت پر زور دیا ہے کہ الیکشن برائے الیکشن سے ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پورے انتخابی نظام کو یرغمال بنایا اور الیکشن نتائج کو اغواءکیاجاتا ہے اور الیکشن کمیشن ہمیشہ تماشائی بنا رہتا ہے،الیکشن کمیشن کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے پارلیمانی کمیشن کی تجاویز کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔جب تک انتخابات میں دولت کے کھیل کو روکا نہیں جاتا اور انتخابی اصلاحات اور ضابطہ اخلاق پر مکمل طورپر عمل درآمد نہیں کروایا جاتا الیکشن ایکسرسائز فار نتھنگ ثابت ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام نے عوام کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے،کرپٹ ٹولہ لوٹ کھسوٹ کی دولت کے اربوں کھربوں خرچ کرکے اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوجاتا ہے اور دیانتدار اور محب وطن سیاسی ورکرز دولت کے اس کھیل میں بے بس ہوجاتے ہیں۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ شفاف اور بااعتماد الیکشن کے لیے دولت کے اس کھیل کو روکنا اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کرناہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اگر 2018ءکے انتخابات میں دولت کے بل بوتے پرعوام کے حق انتخاب کو سلب کیا گیا اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل نہ ہوسکا تو عوام ایسے انتخابات کو قبول نہیں کریں گے ،اس لیے الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل اپنے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات اور تیار ی مکمل کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات ہوئے تو ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئی گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے لیے کردار کے لحاظ سے مضبوط ٹیم کا ہونا ضروری ہے،ایک منظم عوامی تحریک کے نتیجے میں ہی ظلم و جبر اور استحصال کے اس نظام سے چھٹکارہ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک شخصی کردار کی پختگی کا مہینہ ہے،قرآن کریم کا بلاناغہ مطالعہ اور معاملات کو درست کرنا ازحدضروری ہے،اس لیے ارکان جماعت اسلامی اس کو اپنا معمول بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر خدمت خلق کے کامو ں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت کرکے ہی اللہ کی رضا اور خوشنودی اور اخروی کا میابی حاصل کی جاسکتی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی طر ف سے سرکاری ملازمین کے لیے اعلان کردہ مراعات کو واپس لینا کسی طور پر مناسب نہیں ،اس لیے حکومت نے سرکاری ملازمین کو جو مراعات دینے کا اعلان کیا تھا اسے پورا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button