اللہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو ہدایت دے، وزیراعظم
کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کے پیچھے لگ گئے تو بہت پیچھے رہ جائیں گے،
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے 20 سال پرانے منصوبوں کو اپنے پاؤں پر لا کھڑا کیا اور دعا ہے کہ اللہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو ہدایت دے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ منصوبے میں میٹرو بس شامل نہیں تھا لیکن عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے میٹرو بس کو اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور ایئرپورٹ کی تکمیل تک میٹرو بس منصوبہ بھی مکمل ہو جائے گا جب کہ ہزارہ موٹر وے منصوبہ بھی 14 اگست تک مکمل ہو جائے گا۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے 20 سال پرانے منصوبوں کو دوبارہ سے شروع کیا اور انہیں اپنے پاؤں پر لاکھڑا کیا، لواری ٹنل کا منصوبہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے لیکن آج بھی اس پر کام جاری ہے، لواری ٹنل بہت جلد مکمل ہو جائے گی۔ نیلم جہلم منصوبہ بھی اگلے برس فروری میں بجلی کی ترسیل شروع کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بننے سے ہی اسکول، کالجز اور اسپتال بنیں گے اور کاشتکاروں کی زرعی پیداوار کو منڈی تک رسائی حاصل ہو گی اور عوام کا تعلیم و طبی سہولیات کے حصول کے لئے رجحان بڑھے گا۔
وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور دنیا پاکستان کا رخ کر رہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کرپشن کے اتنے بہت بڑے بڑے اسکینڈل ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن اگر ہم اس میں لگ گئے تو پھر ترقیاتی کام کون کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اللہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو ہدایت دے