اقتدار ملا تو 90روز میں بڑی کرپشن ختم :عمران خان
کالام( نیوز ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے جب بھی اقتدار میں آئے 90 دن میں بڑی کرپشن ختم کر دیں گے ، خیبر پختونخوا سے بڑی کر پشن ختم کردی ہے ۔نچلی سطح پر ابھی) کرپشن موجود ہے ۔تمام ریاستی ادارے شریف خاندان کے غلا م بن گئے ۔پاناما لیکس کا فیصلہ عوام کی عدالت میں ہوچکا ۔کالام میں 84 میگاواٹ بجلی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر 13 مقدمات کے باوجودچیئرمین نیب انہیں نہیں پکڑتا جس پر اسے شرم آنی چاہیے ۔سب سے پہلے چیئرمین نیب کو جیل میں ڈالنا چاہیے ، چیئرمین ایف بی آر بھی کرپٹ آدمی ہے ہر مہینے 25 کروڑ دبئی بھجواتا ہے ۔ کرپشن کے خلاف احتجاج ہمارا حق تھا اور جب بھی اقتدار میں آئے 90 روز میں بڑی کرپشن ختم کردیں گے ۔ کرپشن معاشرے کا کینسر ہے جو ملک کوتباہ کررہی ہے ، (ن)لیگ صرف اشتہاروں میں ترقی کررہی ہے ۔عمران خان کا کہنا تھا پاناما میں اربوں روپے کے اثاثے ہیں لیکن ان کو کوئی نہیں پکڑتا لیکن اگر غریب چھوٹی سی چوری کرے تو اس کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے ، یہ ظلم کا نظام ہے اس سے قومیں تباہ ہوئیں۔ لہذا ہم نے قانون بنانا ہے تاکہ بڑے بڑے ڈاکوؤں کو پکڑ کر جیل میں ڈالیں۔میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ لگانے والوں سے ذاتی طور پر کرپشن سے متعلق پوچھتا ر ہتاہوں،سرمایہ کار کہتے ہیں صوبے میں اعلیٰ سطح پر تو ایماندار لوگ موجود ہیں مگر نچلی سطح پر اب بھی کرپشن موجود ہے ۔پنجاب ،سندھ میں جرائم زیادہ خیبرپختونخوا میں کم ہو رہے ہیں ۔عمران خان نے کہا پنجاب پولیس میں سفارش پر بھرتیاں ہوتی ہیں اور آئی جی پنجاب شہباز شریف کے پاؤں میں بیٹھا ہوتا ہے ، پنجاب پولیس کو شریف خاندان کی نوکر بنادیا گیا ، مجھ پر بھی تین ، چارمقدمات بنادیئے گئے ہیں تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔(ن) لیگ میں جا کر انعام اﷲ نیازی نے غلطی کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہااتنا بڑا ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کسی صوبائی حکومت نے شروع نہیں کیا ۔72 سرمایہ کاروں نے خیبر پختونخوا میں 6 پاور پراجیکٹس کے لیے بڈنگ کی ہے ، 150 پن بجلی گھر بنالیے ہیں اگلے سال تک مزید بنائیں گے اور10 لاکھ لوگوں کو بجلی فراہم کریں گے ،خیبرپختونخوامیں شروع کئے گئے منصوبوں سے صوبے میں انقلاب آئے گا ، صوبے میں 34 ہزار بچے نجی سے سرکاری سکولوں میں گئے ہیں۔