انٹرنیشنل
افغان فورسز کے آپریشن میں 65 داعش جنگجو ہلاک
کابل: افغانستان کے صوبے ننگرہار میں افغان فورسز نے زمینی و فضائی کارروائی کرتے ہوئے 65 داعش جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔
افغان میڈیا کے مطابق فورسز کی جانب سے صوبہ ننگرہار کے ضلع ہسکا مینا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے نتیجے میں 65 داعش جنگجو ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔
گورنر ننگرہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے ساتھ زمینی آپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ داعش جنگجوؤں نے شہریوں کے گھروں کو اپنا ٹھکانہ بنا رکھا تھا جس کی وجہ سے آپریشن کے دوران شہریوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب داعش کی جانب سے خبر پر کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا۔