افغان فورسز کی کاروائی 77 طالبان ہلاک

کابل / واشنگٹن: افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں77 طالبان ہلاک جبکہ27 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ امریکی فوج نے افغانستان میں داعش کے امیر ابوسید کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان فورسز نے جنگی طیاروں کی مدد سے ننگرہار، کنڑ، نورستان، کپیسا، پکتیکا، لوگر اور دیگر صوبوں میں آپریشن کلین اپ کیا جس کے نتیجے میں 77طالبان ہلاک جبکہ 27 سے زائد زخمی ہو گئے فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا ہے۔
دوسری طرف افغانستان میں تعینات امریکی فوج نے11جولائی کو صوبہ کنڑ میں فضائی حملے میں افغانستان میں داعش کے امیر ابوسید کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں تعینات امریکی افواج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابو سید جو افغانستان میں صوبہ خراسان کی داعش کے عراق اور شام کیلیے امیر تھا، 11جولائی کو صوبہ کنڑ میں گروپ کے صدر دفتر پر ہونے والے فضائی حملے میں ہلاک ہوا۔