افغان صحافیوں کا نو رکنی وفد پاکستان کے دورے پر
اسلام آباد 24 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان صحافیوں کے ایک وفد کی پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
افغان صحافیوں کی ایک نو رکنی وفد نے پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی’ آئی ایس پی آر’ کے سربراہ سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق افغان صحافیوں کا نو رکنی وفد اپنے ایک ہفتے کے دورے کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں افغان سرحد سے متصل قبائلی علاقے شمالی وزیر ستان کا بھی دورہ کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے منگل کو افغانستان کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو پاک افغان سرحد پر پاکستان کی طرف سے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ افغان صحافیوں نے پاکستان کی قائم مقام سیکرٹری خارجہ تسنیم اسلم سے بھی ملاقات کی اور جمعرات کو وہ پاکستان کی وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک اور ریاستوں اور سرحدی امور کے وزیر لفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ سے بھی ملاقات کریں گے۔
حالیہ ہفتوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سرکاری سطحی رابطوں میں بھی اضافہ ہوا اور پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ ہفتے کابل کا دورہ کیا اور افغان عہدیداروں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔
پاکستان اور افغان امور کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور کابل کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جہاں سرکاری سطح پر پائیدار رابطے ضروری ہیں وہیں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے بہتری کے لیے عوامی رابطے بھی موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔