افغان سیکیورٹی فورسز کے آپریشن,51 جنگجو ہلاک

کابل(نیوز وی او سی)افغان سیکیورٹی فورسز کے طالبان کے خلاف مختلف آپریشنز کے دوران 51جنگجو ہلاک ہو گئے ۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران فورسز نے مختلف صوبوں میں 45زمینی آپریشنز ، 10فضائی حملے کئے ، جن میں 20کلیئرنس آپریشن، جبکہ 22کمانڈو آپریشن تھے ۔ ترجمان نے بتایا کہ افغان صوبے فراہ کے ضلع پشت رود میں آپریشن کے دوران 26جنگجو ہلاک جبکہ 24زخمی ہوئے ، آپریشن میں جنگجوؤں کی ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ ہو گئی۔ دوسری جانب قندھار کے ضلع میوند کے علاقے بند تیمور میں 18جنگجوہلاک ہوئے ،فورسز نے دوران آپریشن 18آئی ای ڈیز برآمد کرکے انہیں ناکارہ بنایا۔ غزنی کے قرہ باغ سمیت تین اضلاع میں آپریشن کے دوران 2جنگجو ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے ۔ لغمان صوبے کے ضلع علی شانگ میں 2جنگجو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔ ننگرہار کے ضلع خوگیانی میں ایک جنگجو ہلاک ، 2زخمی ہوئے ۔ صوبہ بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں بھی 2جنگجو مارے گئے ۔ا دھر افغانستان کے مغربی صوبہ فراہ میں غیر ملکی فورسز کے ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے ۔افغان نیوز ویب سائٹ طلوع کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ غیر ملکی فورسز کے ڈرون نے طالبان کی دو گاڑیوں کو پیشت روڈ پر نشانہ بنایا۔افغان حکام نے واقعے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں، دوسری جانب طالبان نے بھی مذکورہ حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔دریں اثنا افغانستان میں طالبان نے اہم ضلع کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی عہدیدار تاج محمد منگل نے صحافیوں کوبتایا کہ پکتیا کے ضلع جانی خیل میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ۔ شدید جھڑپ کے بعد طالبان نے ضلع کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا۔ واضح رہے کہ جانی خیل ضلع 25 جولائی کو ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران طالبان کے قبضے میں چلا گیا تھا تاہم صرف دو دن بعد فورسز نے اس ضلع کا کنٹرول دوبارہ چھڑوا لیا تھا ۔ دریں اثناصوبہ پکتیا کے پولیس سربراہ کو رائیلی عابد یانی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے ہے کہ طالبان نے علاقے کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کے دوران دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں