افغانستان کے صوبے ننگرہار میں دھماکا، 26افراد ہلاک
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کی عید کے موقع پر رسمی ملاقات کے دوران دھماکے کے نتیجے میں کم از کم26افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر جنگ بندی کے اعلان کے بعد طالبان عسکریت پسندوں نے کابل سمیت ملک کے دیگر شہروں میں داخل ہوکر عوامی مقامات پر شہریوں اور سیکورٹی فورسز سے بغل گیر ہوکر انہیں عید کی مبارکباد دی ۔
سیکورٹی فورسز سے ملاقاتوں کے دوران طالبان عسکریت پسند غیر مسلح تھے تاہم ننگر ہار میں عید ملنے کے دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب طالبان کے مقامی عہدیدار افغان سیکورٹی اہلکاروں سے عید مل رہے تھے کہ گاڑی میں موجود راکٹ پھٹنے سے دھماکا ہوگیا، جس گاڑی میں دھماکا ہوا وہ طالبان کی تھی جو ملاقات کے دوران ہجوم میں کھڑی تھی۔