افغانستان میں بم دھماکوں کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ،4افرادکی طبیعت ناساز
کابل(این این آئی)افغان شہر لشکر گاہ میں قیام امن کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے 4 افراد کو ناساز طبیعت کے سبب قریبی ہسپتال منتقل کرنا پڑ گیا۔
افغان ٹی وی کے مطابق لشکر گاہ میں درجنوں افراد جن میں مرد، عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج اور دھرنے میں شامل چند افراد نے جمعرات29 مارچ سے بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ ہلمند صوبے کے ڈائریکٹر برائے صحت عامہ امین اللہ عابد نے بتایا کہ ان میں سے 2کی حالت کافی بگڑ چکی تھی۔
ہسپتال منتقل کیے جانے والے27 سالہ قیس ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر یہ ڈاکٹر آج میری جان بچا بھی لیتے ہیں تو ممکن ہے کہ کل میں کسی خود کش حملے میں مارا جاؤں۔ دوسری جانب بھوک ہڑتال اور دھرنے کے ایک منتظم اقبال خیبر نے بتایا کہ اس وقت اس احتجاج میں قریب 50 افراد شریک ہیں۔ ان کے بقول جب تک لوگوں کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔