افغانستان میں اب بھی دہشتگردوں کے زیر اثر علاقے موجود ہیں :میجر جنرل آصف غفور
راولپنڈی (نیوز وی او سی آن لائن )ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج بہت باصلاحیت ہے، پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے ہیں لیکن بدقسمتی سے افغانستان میں اب بھی دہشت گردوں کے زیر اثر علاقے موجود ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا عرب میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان15سالوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہم نے دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے ہیں، بدقسمتی سے پاک افغان سرحد پرافغانستان کی طرف حالات مختلف ہیں اور افغان افواج کی صلاحیت میں کمی سے اب بھی افغانستان میں ایسے علاقے ہیں جودہشتگردوںکے زیراثرہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے تاریخی اوربہترین تعلقات ہیں اور تینوں ممالک کے درمیان آپسی تعاون خطے کے مفادمیں ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں سے کلیئرکرائے گئے علاقوں میں سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے سوشل ڈویلپمنٹ میں بہت کام کیا ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے تنہا دہشت گردوں کےخلاف آپریشن میں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور پاک افغان سرحد پر مستقل امن کیلئے افغانستان کو بھی کامیاب کوششیں کرنا ہوں گی۔