افغانستان:امریکی فضائی حملے میں16پولیس اہلکار ہلاک،2زخمی

افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی بمباری کے نتیجے میں 2کمانڈروں سمیت 16 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی

کابل(نیوز وی او سی) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی بمباری کے نتیجے میں 2کمانڈروں سمیت 16 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ،نیٹو نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کردیا۔ ہلمند پولیس کے ترجمان سلام افغان نے بتایا کہ افغان پولیس ایک گاؤں میں طالبان کے خلاف آپریشن کررہی تھی جس کے لیے اس نے امریکا سے فضائی مدد طلب کی، تاہم اتحادی طیاروں نے فضائی حملہ کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر ہی بم گرادئیے ۔ امریکی فوج نے بھی اس حملے کی تصدیق کردی ۔نیٹو نے اپنے بیان میں واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا ہے ۔ ادھر ایک دکان میں مارٹر شیل دھماکے اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں 2 شہری اور 56 طالبان ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبائی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکہ صوبہ تخار کے ضلع تعلقان میں واقع لوہار کی ایک دکان میں اسوقت ہوا جب ایک شخص خام مال لے کر بیچنے کے لئے دکان میں آیا اور اس کے مال میں موجود مارٹر شیل پھٹ گیا ۔دریں اثنا افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں آپریشن کے نتیجے میں56طالبان ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ فضائی حملے

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں