افطار کی 7 غذائیں جو چہرہ بھی خوبصورت بنائیں
(راشدہ بشیر نیوز وائس آف کینیڈ)
ماہ رمضان کے دوران کچھ پکوانوں کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے بلکہ وہ اس مہینے کی سوغات سمجھے جاتے ہیں۔
پکوڑے، دہی بڑے اور چنے کی چاٹ اکثر گھرانوں کی افطار کا حصہ ہوتے ہیں، اب اس پر بحث ہوسکتی ہے کہ یہ آپ کی صحت کے لیے کتنے فائدہ مند ہیں مگر ایک بات یقینی ہے کہ ان میں شامل کچھ اجزاء چہرے کے لیے ضرور فائدہ مند ہیں۔
یقین نہیں آتا تو جانیں کہ آپ کی افطار میں شامل کچھ پکوانوں کے اجزاء کس حد تک آپ کی شخصیت کو نکھارنے اور سنوارنے کا کام کرسکتے ہیں۔
بیسن
بیسن صرف پکوڑوں کے لیے ہی ضروری جز نہیں بلکہ یہ جلد اور بالوں کے لیے بھی جادو اثر ہے۔ بیسن کا جلد کے لیے ایک زبردست فائدہ یہ ہے کہ یہ اس میں نکھار لاتا ہے۔ بیسن، دہی، ہلدی اور لیموں کو ملا کر بنایا گیا ماسک چہرے پر پڑنے والے موسم گرما کے اثرات کو شکست دے دیتا ہے۔ اسی طرح یہ بالوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، اسے زیتون کے تیل میں ملا کر ہیئر ماسک بناکر استعمال کرنے سے بالوں کی چمک بحال اور نشوونما بہتر کی جاسکتی ہے۔
چنے
چنے کی چاٹ سے ہٹ کر آپ اس میں شامل غذائیت کا فائدہ ایک ماسک سے اٹھا سکتے ہیں جو بڑھتی عمر کے اثرات کو ختم کردیتا ہے۔ چنوں میں فائبر، مینگنیز اور دیگر اجزاء شامل ہوتے ہیں جو جھریوں میں کمی لانے میں مدد دیتے ہیں، تو چنوں کو ابالیں، پھر پیس کر پانی میں ملائیں اور پیسٹ بنالیں۔ یہ ماسک جھریوں کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔
دہی
دہی بڑے تو اکثر افطار میں کھائے جاتے ہیں اور آپ کو شاید علم ہو کہ دہی پرو بائیوٹیکس سے بھرپور غذا ہے جو کہ جلد کے متعدد مسائل کے خلاف مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ جلد کی نمی بڑھاتا ہے، کیل مہاسوں سے بچاﺅ، قبل از وقت بڑھاپے کی روک تھام، سورج کی شعاعوں سے ہونے والی سوزش میں کمی لانے کے ساتھ جلد کی رنگت بحال کرتا ہے۔ دہی میں شہد یا عرق گلاب کو ملا کر استعمال کرنے سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں اور ہاں دہی بالوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، کسی گاڑھے تیل میں اسے شامل کرکے ماسک بنا کر استعمال کرنے سے بالوں کی خشکی سے نجات پائی جاسکتی ہے، سر کی خارش کو روکنے، بالوں کی افزائش اور چمک کے لیے بھی دہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
املی
املی کی چٹنی سے ہٹ کر بھی املی بے رونق جلد کو جگمگانے کے لیے بہترین ہے۔ ابلی ہوئی املی میں نمک کا اضافہ کرکے قدرتی مانجھنے والا پیسٹ بنالیں، سخت جلد کو نرم کرنے کے ساتھ اس میں موجود وٹامن سی اور بی تھری جلد کو صحت مند چمک دیتے ہیں۔ ویسے املی کو خام شکل میں جلد پر استعمال کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے، اسے گودے کے ساتھ ابالیں اور پھر جلد پر لگائیں۔ ابلی ہوئی املی کا پانی بھی آئلی بالوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔
لیموں
لیموں کے متعدد فوائد ہیں، یہ شربت کی لذت بڑھانے کے لیے بھی استعمال ہوسکتا ہے مگر اسے کاٹ کر جلد پر ملنا بھی فائدہ مند ہے، لیموں جسمانی بو دور بھگانے کے لیے بھی فائدہ ہے اور لیموں کے عرق کی کچھ مقدار کا اسپرے کرنا جسم میں بو کا باعث بننے والے بیکٹریا کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔
شہد
شہد جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے جو ہر طرح کی جلد کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، تاہم کیل مہاسوں کے شکار افراد کے لیے شہد بہت ضروری ہے۔ اسے چہرے پر لگانا فائدہ مند ہوتا ہے اور اسے کئی طرح کے ماسکس میں بیس کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
دلیہ
دلیہ سحر و افطار میں ایک صحت بخش غذا ثابت ہوسکتا ہے مگر یہ حساس یا خارش زدہ جلد کے لیے کرشماتی اثر رکھتا ہے۔ اگر آپ کے پاس دلیہ بچا ہوا ہے تو اسے اپنے چہرے پر لگائیں، یہ ایک قدرتی بیوٹی ماسک ثابت ہوتا ہے جو کہ چہرے کی سرخی اور سوجن ختم کرنے میں مددگار ہے۔