اسکولوں کی حفاظت کے لئے اساتذہ کو اسلحہ دینا چاہئے، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم اسکولوں کو اتنا ہی محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں جتنے بینک محفوظ ہیں اس لئے جو اساتذہ اسلحہ لینا چاہتے ہیں انہیں اجازت دی جائے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے پارک لینڈ میں واقع ہائی اسکول میں فائرنگ کے 17 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر نے تجویز پیش کی ہے کہ جو اساتذہ اسکولوں کی حفاظت کے لئے اسلحہ رکھنا چاہتے ہیں انہیں اسلحے کے ساتھ اضافی مراعات بھی دی جائیں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسکولوں میں حالیہ پیش آنے والے واقعات کے بعد وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کی زیرِصدرات اجلاس ہوا جس میں کابینہ کے ارکان سمیت ریاستی و مقامی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں اسکولوں میں حفاظتی انتظامات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم امریکی اسکولوں کو اتنا ہی محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں جتنا امریکی بینک محفوظ ہیں، جب تک ہم جارحانہ حکمتِ عملی نہیں بنائیں گے ایسے واقعات پیش آتے رہیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم شرح کے اعتبار سے بہت کم اساتذہ کو اسلحہ دینے کی حمایت کر رہے ہیں لیکن تعداد کے اعتبار سے یہ لوگ زیادہ ہوں گے۔ اسکولوں کی 40 فی صد جماعتوں میں ایسے اساتذہ رکھے جاسکتے ہیں جو اسلحہ چلانے کی اہلیت رکھتے ہوں، ہتھیار چلانے کی صلاحیت کے حامل اساتذہ کو کچھ اضافی مراعات بھی دی جاسکتی ہیں اور اگر ایسا ہوگیا تو لوگ دیکھیں گے کہ اسکولوں میں فائرنگ کی یہ ہولناک وبا فوراً ہی رک جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے جو اساتذہ اسلحہ لینا چاہتے ہیں انہیں اس کی اجازت دے دینی چاہیے تاکہ امریکی اسکولوں میں ہونے والی فائرنگ کے واقعات کا توڑ کیا جاسکے۔