اسپائی کرانیکلز “ کونواز شریف نے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا:تجزیہ کاروں کی رائے
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن)تجزیہ کاروں نے کہا ہے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کی کتاب ”اسپائی کرانیکلز “ کونواز شریف نے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا اور اس کو اپنے بیانات کے تناظر میں استعمال کرکے رائے عامہ کو گمراہ کردیا ، اس میں سابق چیئر مین سینٹ رضا ربانی نے بھی اہم کردار ادا کیا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام”ٹو نائٹ ودھ معید پیر زادہ“ میں گفتگوکرتے ہوئے تجزیہ کار ارشاد بھٹی کاکہنا تھا کہ اسد درانی کی تصنیف کوئی باقاعدہ کتا ب نہیں بلکہ انٹریوز کی ایک سیریز ہے جو تین سال پر مشتمل ہے جس کو ترتیب دیکر کتاب کی شکل دی گئی ہے اس میں انہوں نے بعض خرابیوں کی نشاندہی کی ہے جن پر غور کیا جانا چاہئے ،ن لیگ کے قائد میاںنواز شریف نے اپنے بیانیے کے پس منظر میں اس کتاب کے بعض مندرجات کو پیش کرکے ڈس انفارمیشن پھیلانے کی کوشش کی جس کا ساری قوم بھی شکار ہو گی ۔ میجر جنرل (ر) اعجاز اعوا ن نے کہاکہ اس وقت امریکہ ،بھارت سمیت دیگر بین لاقوامی طاقتیں بھی پاکستان کی سیاست پر اثر انداز ہو رہی ہیں ۔انڈیا کی طرف سے بار بار بیانات آرہے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ہمارے تعلقات تھے اور ہمار ی ان پر بڑی سرمایہ کاری تھی اور جو نئے نئے سروے ہو رہے ہیں اس سے پری پول رگنگ ہو رہی ہے ۔پتہ لگانا چاہئے کہ ان لوگوں کے پاس سرمایہ کہاں سے آرہاہے اور یہ کیسے سروے کر رہے ہیں؟ الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لیکر اس کا کوڈ آف کنڈکٹ بنانا چاہئے ۔تجزیہ کارحبیب اکر م نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں ہونے والی مداخلت تمام تر اندرون ملک کی مداخلت ہے باہر سے کوئی مداخلت نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سروے کرانے میں کوئی حرج نہیں یہ ایک دن کی رائے ہوتی ہے جس سے وقتی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے ۔