اسلام آباد پولیس کا فارم ہاؤس پر چھاپہ، 22 لڑکیوں سمیت 47 افراد گرفتار
اسلام آباد: تھانہ بھارہ کہو پولیس نے ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر 22 لڑکیوں سمیت 47 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد میں بھارہ کہو پولیس نے ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر 47 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان میں 22 لڑکیاں اور 25 لڑکے شامل ہیں۔ لڑکیوں کو فی الحال مردوں کے بہارہ کہو تھانے میں ہی رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لڑکیوں کو چھڑوانے کیلئے تھانے میں فون کالز کا تانتا بندھ گیا ہے۔
گرفتار لڑکیوں نے مرد پولیس اہلکاروں پر تشدد کا الزام لگایا ہے لیکن ایس پی سٹی نے لڑکیوں پر تشدد کی تردید کی ہے۔ گرفتار لڑکیوں نے کہا ہے کہ وہ مری گئی تھیں لیکن واپسی پر انہیں گاڑیوں سے اتار کر پولیس والے تھانے لے آئے۔ ایس پی سٹی عامر نیازی کے مطابق گرفتار لڑکوں اور لڑکیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
چند روز قبل اسلام آباد سے کمسن بچیوں کو ورغلا کر اغواء اور ملک بھر میں سپلائی کئے جانے کا ہولناک انکشاف بھی سامنے آیا تھا۔ پولیس نے مذموم دھندہ کرنے والے ایک گروہ کے کارندوں کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان نے شہر میں نویں کلاس کی طالبہ کو اغوا کیا تھا۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بھی ریمارکس دیئے تھے کہ پورا شہر جرائم، منشیات، جسم فروشی اور عیاشی کا گڑھ بن گیا ہے ، آئی جی اور ایس ایس پی بتائیں کہ قحبہ خانوں اور شراب فروشی کے اڈوں کے خلاف کیا کارروائی کی۔