اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا۔
اسلام آباد:۔ 27 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی درندگی کے خلاف مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گٹریز کو خط لکھ دیا۔
خط میں سرتاج عزیز نے لکھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کر رہا ہے۔ بھارت مسلمانوں کی اکثریت کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے کئی معصوم کشمیریوں کو شہید کیا۔ پیلٹ گن کے استعمال سے متعدد کشمیری بچے بینائی سے محروم ہو گئے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیئے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور بھارتی فورسز کے مظالم کو روکے۔
یاد رہے کہ آج بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا جس میں 12 کشمیری شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آپریشن کے دوران کشمیری حریت پسند برہان وانی کے جانشین سبزار بھٹ بھی اس جھڑپ میں شہید ہوگئے۔
اس سے قبل ترال میں کشمیری عوام نے بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
قابض افواج نے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس پر مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں ہوئی جن میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
ترال کے علاقے سائیموح میں بھارتی پولیس نے رہائشی عبدالرشید میر کا گھر بھی نذر آتش کردیا اور مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے۔