اسلامی دہشت گردی کو شکست دے دیں گے، ٹرمپ
فلوریڈا(نیوز وی او سی آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اسلامی دہشت گردوں اور ’’جہادیوں‘‘ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے میک ڈل ایئرفورس بیس کے پہلے دورے کے موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی مل کر ’’موت کی قوتوں‘‘ کو شکست دیں گے اورامریکی سرزمین پر بنیاد پرست جہادیوں کو قدم جمانے نہیں دیں گے اور آزادی، تحفظ اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’بددیانت‘‘ میڈیا اسلامی شدت پسندوں اورداعش کے دہشت گردوں کے بعض حملوں کی رپورٹنگ کرنا ہی نہیں چاہتا۔ انہوں نے عدالتی فیصلے پرناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ امریکی عدلیہ کو معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہی نہیں ورنہ وہ (7 مسلم ممالک سے آنے والے پناہ گزینوں پر پابندی کے) صدارتی حکم نامے کے خلاف فیصلہ نہ دیتی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے تو یقین ہی نہیں ہوتا کہ کوئی جج ہمارے ملک کو اتنی بڑی مصیبت میں ڈال دے گا اور اگر کچھ ہوا تو مجھے نہیں اس (جج) کو الزام دیجیے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پوری انتخابی مہم کے دوران بار بار یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ اسلامی شدت پسندی، اسلامی دہشت گردی اور داعش کو ختم کرنے کےلیے ہرطرح کی پالیسی بنائیں گے اور امریکہ کو ان کے مقابلے میں کمزور نہیں پڑنے دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ اقتدارمیں آنے کے فوراً بعد ہی سے انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کو ذمہ داری دے دی ہے کہ وہ ’’اسلامی دہشت گردوں‘‘ کو شکست دینے کےلیے نئی امریکی نئی حکمتِ عملی تشکیل دیں۔ اس بارے میں ٹرمپ پہلے ہی ’’نئے اتحادیوں کی شمولیت‘‘ پر زور دیتے ہوئے روس کی جانب اشارہ کرچکے ہیں۔