اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہونے فلسطینی صدر محمود عباس کو اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب کی دعوت دے دی

یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو اسرائیل کی پارلیمان سے خطاب کے لیے مدعو کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر مجھے بلایا گیا تو میں بھی فلسطینی پارلیمان سے خطاب کروں گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے محمود عباس سے کہا کہ وہ نفرت پھیلانے کے بجائے امن کے لیے کام کریں،ان کے خطاب سے قبل فلسطینی رہنما محمود عباس نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سنہ 2017 کو اسرائیل کے قبضے سے خاتمے کا سال قرار دے۔
محمود عباس نے کہا ہے کہ جون 2017 میں اسرائیل کے قبضے کی نصف سنچری مکمل ہوجائےگی،انھوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ ایسے وقت جب فلسطین اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل کرنے کی کوشش میں ہے فلسطینیوں کی قانونی اور سیاسی حیثیت کو بڑھانے میں اس کی مدد کرے۔
فلسطین کو ابھی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل نہیں ہے اور اسے صرف آبزرور سٹیٹ کی حیثیت حاصل ہے،محمود عباس کی تقریر ختم ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی اسرائیلی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں