اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 3 بینک اکاوٴنٹس کی تفصیل پیش
اسلام آباد: احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 3 بینک اکاؤنٹس اور لاکر کی تفصیلات پیش کردی گئی ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ مسعود غنی، عبدالرحمان گوندل اور عظیم خان نے عدالت کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ عبدالرحمان گوندل نے اسحاق ڈار کی 2005 سے 2017 تک آمدن کا ریکارڈ فراہم کیا۔
استغاثہ کے گواہ اور نجی بینک کے آپریشن منیجرعظیم خان نے اسحاق ڈار اور ان کی اہل خانہ کے 3 بینک اکاوٴنٹس کی کمپیوٹرائزڈ تفصیل عدالت میں پیش کی۔ پیش کی گئی تفصیلات میں ہجویری ہولڈنگ کمپنی کے اکاوٴنٹ کے علاوہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے نام پر موجود لاکر کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ بھی شامل ہے۔
اسحاق ڈار کے خلاف استغاثہ کے گواہ عظیم خان نے احتساب عدالت میں بیان میں کہا کہ نیب کی جانب سے اگست 2017 میں اسحاق ڈار کے اکاوٴنٹ کی تفصیل مانگی گئی تھی۔ اسحاق ڈار کا پہلا اکاوٴنٹ اکتوبر 2001 سے اکتوبر 2012 ، دوسرا اکاوٴنٹ اگست 2012 سے دسمبر 2016 جب کہ تیسرا اکاوٴنٹ جنوری 2017 سے اگست 2017 کے درمیان فعال رہا۔
عظیم خان کا بیان قلم بند ہونے کے بعد استغاثہ نے آئندہ سماعت پر مزید 9 گواہان کو پیش کرنے کی درخواست کی۔ کیس کی مزید سماعت 18 دسمبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زیادہ اثاثوں کا ریفرنس دائر کررکھا ہے جب کہ عدالت مسلسل غیر حاضری پر سابق وفاقی وزیر کو اشتہاری بھی قررا دے چکی ہے۔