احمدیہ کمیونٹی Rüdesheim جرمنی کے زیر اہتمام امن واک

منور علی شاہد، بیوروچیف جرمنی
گزشتہ جمعہ کو جرمنی کے صوبہ ہیسن کے ایک معروف سیاحتی قصبہRüdesheim میں ایک امن ریلی Friedenskundgebung منعقد ہوئی جس میں احمدیہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جس میں مردوں،نوجوانوں کے علاوہ بچوں اور بچییاں اور خواتین بھی شامل تھیں ایک مقامی چرچ کے پادری کے علاوہ مقامی جرمن اور سپینش مرد و خواتین نے بھی شرکت کی۔ریلی میں شامل ہونے والوں نے اس امن واک کی مناسبت سے مخصوص شرٹس پہن رکھی تھیں جس پر جرمن زبان میں Wir sind alle DEUTSCHLAND لکھا ہوا تھا جس کا مطلب ہے کہ ہم سب جرمنی ہیں۔

ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس امن واک میں شرکاء نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جس پر امن اور یکجہتی کے حوالے سے پیغامات لکھے ہوئے تھے جن کا مقصد مقامی جرمن شہریوں کو یہ بتانا تھا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے اور امن کی ہی تعلیم دیتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتاہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی ماہ میں جرمنی میں دہشت گردی کے بہت سے واقعات رونما ہو ئے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا اور اس کے ردعمل میں اسلام مخالف قوتوں کو موقع ملا تھا اور انہوں نے نہ صرف اسلام مخالف پروپگنڈہ تیز کردیا تھا بلکہ مخالفت میں مظاہرے بھی کئے تھے مقامی جرمنوں میں بھی اس حوالے سے شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے لہذا ان حالات میں جرمنی کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احمدیہ کمیونٹی کی طرف سے اس طرح کی Friedenskundgebungیعنی امن واک کا اہتمام کرکے اہل جرمن کو یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسلام مکمل طور پر امن اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔
وائس آف کنیڈا جرمنی کے بیوروچیف کے ساتھ جماعت کے کچھ نوجوانوں کی بات چیت ہوئی ان سب کی ایک ہی رائے تھی کہ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے یہی اسلامی اور جماعت احمدیہ کی تعلیم ہے اور ہم سب بطور شہری جرمن، اس ملک سے محبت کرتے ہیں اور یہاں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور آج کی اس ریلی کے ذریعے جرمن عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہم یہاں امن ہی چاہتے ہیں اور امن ہی سے رہنا پسند کرتے ہیں
21 جولائی کو منعقد ہونے والی اس ریلی کے شرکاء نے ایک بڑا بینر اٹھا رکھا تھا جس پر Liebe für Alle , Hass für Keinen جماعت احمدیہ کا سلوگن محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں، جرمن زبان میں لکھا ہوا تھا اور دوران واک یہی پیغام مقامی لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنا ہوا تھا۔ سڑک کے ایک طرف واقع ہوٹلوں میں بیٹھے سینکڑوں کی تعداد میں جرمنوں اور غیرملکی سیاحوں نے اس ریلی کو بہت دلچسپی سے دیکھا،متعدد افراد نے اس ریلی کی ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں اور جواب میں ہاتھ ہلا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔کچھ جرمن شہریوں نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ یہ جو آپ کر رہے ہیں بہت اچھا ہے، ہمیں بہت اچھا لگا اور ہم اس سے بہت متاثر ہوئے ہیں
اس موقع پر مقامی پولیس کی طرف سے مکمل سیکورٹی کا انتظام بھی کیا گیا تھا اور پولیس کا ایک موٹر سائکل سوار ریلی کے سب سے آگے تھا جب کہ پولیس کی ایک کار ساتھ ساتھ تا اختتام موجود رہی۔ ریلی کے آغاز پر مقامی اخبارات کے نمائندوں نے جماعت کے عہدیداروں سے اس ریلی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں سوالات بھی کئے۔ اس ریلی کا اختتام مقامی ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچ کر ہوا-

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں