اب کوئی اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر فبضہ , رقم پر ہاتھ صاف نہیں کر سکتا , شہباز شریف
تمام طبقات ایک ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی :لندن میں وفد سے گفتگو لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اوورسیز نہیں بلکہ وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں ، پنجاب حکومت نے ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانی کمیشن بنایاہے جس نے مختصر عرصے کے دوران پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لئے موثر اقدامات کئے ،اب کوئی بھی بیرون ملک مقیم پاکستان کے عظیم سفیروں کی جائیداد پر قبضہ یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کرسکتا۔وہ گزشتہ روز لندن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دیارغیر میں لاکھوں کی تعدادمیں رہنے والے عظیم سفیر وں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کیے گئے ادارے ’’اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب ‘‘کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور جس جذبے اورمحنت کے ساتھ یہ ادارہ کام کررہا ہے اگرملک کے دیگر ادارے اسی جذبے اورلگن کے ساتھ کام کرنے کا عہد کرلیں تویقیناً ملک کے حالات سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں بدل جائیں گے ۔ ملک کو آج کئی مسائل کا سامنا ہے اور یہ مسائل ہمارے اپنے پیداکردہ ہیں۔ہمیں اجتماعی بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرناہے اورآگے بڑھنے کا یہی طریقہ ہے ۔کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں اگر قوم ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرلے اور محنت ، امانت اوردیانت کوشعار بنا نے کا عزم کرلے تو منزل کے حصول میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوسکتی۔ اگر اس ملک کے تمام طبقات ایک ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو وہ وقت دورنہیں کہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی اورمجھے یقین ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجودپاکستانی قوم عظیم قوم بنے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق دور میں توانائی بحران حل کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا بلکہ بدترین مجرمانہ غفلت برتی گئی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتناپڑا ۔مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے دن رات ایک کرکے توانائی بحران پر توجہ مرکوز کئے رکھی اورآج پاکستان میں لوڈشیڈنگ کاجن قابو میں آچکاہے علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐ کی سرکاری تصاویر بنانے والے فوٹو گرافر شیخ عظمت کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔