ابھی سو منات پر پہلا حملہ ہوا ،مزید ہونگے :سراج الحق
لاہور(نیوز وی او سی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی آمدن سے اثاثے زیادہ تھے اس لئے انہیں صادق اورامین نہ ہونے کی بنا پر نااہل کیا گیا، قوم کو لوٹنے والے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں سب کا احتساب ہونا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مال روڈ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کو فیصلہ قبول کرنا چاہئے تھالیکن وہ مسترد کر رہے ہیں نواز شریف کیلئے عدالت کا فیصلہ آیا ہے اسے قبول کیا جائے میرا مسئلہ صرف نواز شریف نہیں وہ سب مافیا ہے جس کی وجہ سے غریب کو حق نہیں مل رہا جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے ، پاناما سکینڈل میں دیگر سیاستدان، جج ،جنرل یا بیوروکریٹس جو بھی شامل ہیں سب کا احتساب ہونا چاہئے یہ فیصلہ آخری نہیں ہونا چاہئے سب کا احتساب ہو کسی نے سیاہ جھنڈا اٹھا یا ہو یا سفید سب کا احتساب چاہتے ہیں میری لڑائی کسی پارٹی سے نہیں کسی بیمار سے نہیں بیماری سے ہے ، میری لڑائی ان سے ہے جنہوں نے ہمارے ملک کو بدنام کیا ہے سومنات کے مندر پر یہ پہلا حملہ ہے ہم سترہ حملے کر کے کرپشن کے بت کو پاش پاش کریں گے میرا ایجنڈا نواز شریف کو ہٹانا نہیں کرپشن مافیا کا احتساب ہے ۔ جنہوں نے قرض معاف کروایا، شوگر مافیا ڈرگ مافیا ، معاشی، سیاسی دہشتگردوں کے خلاف منظم جدوجہد کرنی ہے اس اشرافیہ اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ چاہتے ہیں دو اگست کو مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس بلایا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی دوں گا میں جھکنے اور ڈرنے والا نہیں، میں سیاست اور صرف سیاست نہیں اصلاح چاہتا ہوں یہ 62، 63 کا خاتمہ چاہتے ہیں، جس کے تحت صرف صادق اور امین اسمبلی کا ممبر ہو سکتا ہے غیرمسلم ممالک میں یہی دیانتدار اور امین ہونے کی شرط ہے تو یہ مسلمان ملک کے آئین سے نکال رہے ہیں کل کو آپ پاکستان کے آئین سے وزیراعظم اور صدر کیلئے مسلمان کی شرط بھی ختم کریں گے یہ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسے نہیں ہونے دیں گے انہوں نے اگر 62، 63 کو ختم کرنے کی کوشش کی تو عوام کا ہاتھ ان کے گریبان پر ہوگا ،وزیراعظم کے انتخاب میں اپوزیشن متفقہ امیدوار دے ورنہ ثابت ہو جائے گا کہ حزب اختلاف تقسیم ہے ۔