آپریشن ”رد الفساد“,خودکش جیکٹس ،راکٹ لانچر برآمد سینکڑوں گرفتاریاں
ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے آپریشن کے دوران سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ملک بھرمیں آپریشن ”ردالفساد“ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی میں سائٹ اے تھانے کی حدودمیں دہشت گردوں کی اطلاع پر پولیس نےقبرستان میں چھاپا مارا جہاں چھپے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت صاحب زادہ اور محمد عثمان کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات یاسر سواتی گروپ سے ہے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم اور ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوا ہے۔گبول ٹاو¿ن میں بھی کارروائی کے دوران پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کیا گیا جب کہ شریف آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، سولجربازار میں بھی پولیس نے کارروائی کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں حساس اداروں اور ایلیٹ کمانڈوز نے کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران حافظ آباد، ونیکے تارڑ اور سکھیکی سمیت مختلف علاقوں سے 98 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 67 افراد کو تصدیق کے بعدرہا کردیا گیا جب کہ خطرناک اشتہاریوں، عدالتی مفرور، مویشی چوروں اور منشیات فروشوں سمیت شناخت نہ کروانے والے 30 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ کوٹ مومن میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور کوائف مکمل نہ ہونے پر 15 افراد کو حراست میں لے لیا۔پشاور پولیس نے چمکنی میں سرچ آپریشن کے دوران 200 سے زیادہ گھروں کی تلاشی لی، آپریشن کے دوران اشتہاری سمیت 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 شارٹ مشین گن، 4 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے چھاپے مارکر دہشتگردوں، لیاری گینگ وار کے کارندوں اور منشیات فروش پولیس اہلکار سمیت 10 ملزم گرفتار کرلیے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سہراب گوٹھ اور سائٹ کے علاقوں سے کالعدم جماعت الحرار کے دہشتگرد محمد عثمان اور سپاہ محمد کے محبوب علی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم محبوب عیل 2013ءمیں رینجرز موبائل پر فائرنگ اور لسانی فسادات میں ملوث ہے جبکہ ملزم عثمان پولیس افسروں کی ٹارگٹ کلنگز اور محرم الحرام کے جلوسوں پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔ کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایبٹ آباد میں کارروائی کرکے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان ایکسین واپڈا فاٹا یوسف شاہ کے قتل میں ملوث ہیں۔ آئی جی سندھ کے حکم پرغیر قانونی تارکین وطن کےخلاف آپریشن جاری ہے، جس کے نتیجے میں سیکڑوں غیرملکی گرفتار اور مقدمات درج ہوئے ہیں.آئی جی سندھ کے حکم پر صوبے بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کےخلاف آپریشن جاری ہے، 2 روز میں کریک ڈان کے دوران سیکڑوں غیرملکی گرفتار اور مقدمات درج ہوئے ہیں.آئی جی سندھ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات کے پیش نظرسیکیورٹی اقدامات سخت کئے جائیں، اہم مقامات کیلئے مسلسل سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔اے ڈی خواجہ نے سندھ جمعرات اورجمعہ کوپولیس کو خصوصی طورپرالرٹ رہنے کی ہدایات کی، غیرقانونی طورپرمقیم افراد کے خلاف کریک ڈاون تیزکیا جائے.اے ڈی خواجہ نے کہا کے سندھ پولیس نے گذشتہ سال بھی اہم فاتحات اپنے نام کی ہیں ، اس سال بھی ملک و قوم کی توقعات پر پورا اترے گئے.علاوہ ازاں آئی جی سندھ کی روزانہ تحریری طورپررپورٹ بناکرارسال کرنےکی ہدایت کی۔یاد رہے رواں ماہ سابق صدر آصف زرداری نے سندھ حکومت سے کہا تھا کہ افغان باشندوں سمیت غیر ملکیوں کو سندھ سے نکالنے کے لیے وفاق سے بات کی جائے۔ کوئٹہ میں پولیس نے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 15 افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا۔ دکی کے علاقے میں فرنٹیئر کور اور سکیورٹی فورسز کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناکر بھاری مقدار میں خودکش جیکٹیں، دستی بم، راکٹ لانچر، آئی ای ڈی، اسلحہ ایمونیشن برآمد کرکے قبضے میں لے لیا۔ ژوب کے علاقے فرنٹیئرکوراور سیکورٹی فورسز کے عملے نے غیر قانونی طورپر سفر کرنے والے 14افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئرکور اور سیکورٹی فورسز کے عملے نے پاک افغان سرحد کے قریب قمرالدین کاریز کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر سفر کرنے والے چودہ افغان باشندوں کو گرفتار کرکے انکے خلاف فارن ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی ۔