آپریشن خیبر فور مکمل کرلیا گیا، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی (نیوز وی او سی آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن خیبر فور مکمل کر لیا ہے اس آپریشن کے دوران راجگال اور شوال میں طے کئے گئے زمینی اہداف حاصل کرلئے ہیں، اس آپریشن کے دوران پاک فوج کے2جوان شہید ،6زخمی ہوئے ہیں جبکہ52دہشت گرد ہلاک،31زخمی ، 1گرفتار جبکہ4دہشت گردوں نے خود کو فورسز کے حوالے کردیا۔آپریشن خیبر 4میں 253 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرایاجبکہ خیبر ویلی میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ 15 جولائی سے شروع ہونے والا آپریشن خیبر 4 مکمل ہوگیا۔ جن علاقوں میں آپریشن خیبر 4 کیا گیا وہ ایک دشوار گزار علاقہ تھا ، آپریشن کے دوران 52 دہشت گرد ہلاک جبکہ 31 دہشت گرد زخمی اور چار نے ہتھیار ڈال دیے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد کیے جانے والے سامان میں بارودی سرنگ بنانے والا سامان ملا ہے جس پر ’میڈ ان انڈیا‘ لکھا ہوا تھا۔خیبر فور آپریشن کیلیے افغان سیکیورٹی فورسز سے بھی تعاون لیا گیا، آپریشن کے دوران 152 بارودی سرنگیں ناکارہ بنادی گئی ہیں۔آپریشن شروع ہوا تو فاٹا کے بہت سے لوگ آئی ڈی پیز بن گئے لیکن 95 فیصد آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، قبائلی علاقوں میں کلیئرنس کے بعد ترقیاتی مرحلہ جاری ہے، اس مرحلے میں 147 اسکول ،17 ہیلتھ یونٹس اور 27 مساجد قائم کی گئی ہیں۔ فاٹا کے بہت سے کیڈٹس پاک فوج میں تربیت لے رہے ہیں، اس کے علاوہ وہاں کے نوجوانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔