آنند اہوجا سے تعلقات میرا نجی معاملہ ہے -سونم کپور
ممبئی: بھارتی اداکارہ سونم کپور کا کہنا ہے کہ آنند اہوجا سے تعلقات میرا نجی معاملہ ہے اور اس حوالے سے کسی سے نہ کچھ چھپاؤں گی اور نہ ہی کچھ بات کروں گی۔
بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے انتہائی کم عرصے میں نہ صرف فلم نگری میں جگہ بنائی بلکہ اپنی منفرد اداکاری سے مداحوں کے دل بھی جیتے ہیں اور آج کل اداکارہ کا اپنے قریبی دوست آنند اہوجا کے ساتھ معاشقے کا بھی خوب چرچا ہے۔ ایک شو کے دوران جب اداکارہ سے آنند اہوجا سے تعلقات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو سونم کپور بھڑک اٹھیں اور تلخ لہجے میں کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی۔ میری نجی زندگی سے متعلق تمام چیزیں میرے اختیار میں ہونی چاہیئیں کیونکہ میری زندگی میں دیگر ہر چیز بکھری ہوئی ہے، لوگ میرے بارے میں سوشل میڈیا پر پتہ نہیں کیا کچھ کہتے اور رائے قائم کرتے ہیں لہذا میری زندگی میں شامل ہونے والوں کو مجھے تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔
سونم کپور کا کہنا تھا جو شخص میری زندگی میں آ رہا ہے یہ اس کے ساتھ ناانصافی ہے کہ اس کے بارے میں بات کی جائے، میں کسی کی بھی زندگی کے نجی معاملات میں بات کرنے پر یقین نہیں رکھتی لہذا میں اس بارے میں کچھ چھپاؤں گی تو نہیں لیکن کچھ بات بھی نہیں کروں گی۔