آصف عرف آصو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 06ارکان گرفتار۔پنجاب کے 12اضلاع میں درجنوں و ارداتوں کا انکشاف ۔
(بشیر باجوہ بیوروچیف پاکستان نیوزوائس آف کینیڈا )
گوجرانوالہ (28اپریل )
سی آئی اے پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد و ارداتوں میں ملوث آصف عرف آصو بین لاضلاعی گروہ کے چھ ارکان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چھینے اور لوٹے گئے دو لاکھ روپے، چار تولے طلائی زیوارت اور تین پسٹل برآمد کئے ہیں ۔ گرفتار ملزمان میں آصف عرف آصو،صفدر ساکنان جہلم، معظم سکنہ علی پور چٹھہ ، اشفاق سکنہ نوشہرہ ورکاں ، اعجاز سکنہ جڑانوالہ اور قاری جاوید سکنہ مرید کے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ 19مارچ کو نامعلوم ملزمان نے قلعہ دیدار سنگھ کے مشہور آڑھتی سجاد جمیل کے گھردن دیہاڑے داخل ہو کر اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور پانچ لاکھ روپے نقدی، اَسی تولہ طلائی زیورات و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔اس واردات سے کاروباری حلقوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ڈکیتی کی دوسری واردات میں رواں سال 10مارچ کونامعلوم ملزمان نے نوشاہی فلور مل کھیالی بائی پاس میں داخل ہوکر چوکیدار کو فائرنگ کر کے مضروب کر دیا اور کمرے سے تقریباً تین لاکھ روپے و دیگر سامان لے کر فرار ہو گئے ۔تیسری واردات میں نامعلوم ملزمان نے گرجاکھ کے رہائشی طیب ر سول کے گھرداخل ہو کر اسلحہ کے زور پر طلائی زیورات، نقدی، قیمتی سامان اور لیپ ٹاپ لوٹ کر فرار ہو ئے ۔ اسی دوران پیپلز کالونی میں ارشد نامی شخص سے ڈیرھ لاکھ روپے چھینے گئے اسی روز نامعلوم ملزمان نے کامونکے میں میڈیکل سٹورسے حسین نامی شخص سے تیس ہزار روپے چھینے۔مذکورہ وارداتوں میں ملوث نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لئے قائم مقام سٹی پولیس آفیسر محمدندیم کھوکھر نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو خصوصی ٹاسک دیا جنہوں نے اے ایس آئی عمران خالد، محمد سلطان، قمر محمود اور محمد خالد پر ٹیم تشکیل دے کر انہیں مناسب ہدایات جاری کیں۔ ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے اس ٹیم کی سپرویژن کرتے ہوئے علاقے سے اہم معلومات اکٹھی کیں ۔جائے وقوعہ جات اور مدعیان مقدمات سے میٹنگ کر کے ان سے اہم شواہد حاصل کئے ۔بعد ازاں سائنسی آلات کی بدولت نامعلوم ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ۔ملزمان نے دوران ابتدائی تفتیش انکشاف کیا کہ ان کا گروہ پنجاب کے مختلف ا ضلاع سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر پر مشتمل ہے۔اپنے اپنے رہائشی ضلع میں وارداتیں کروانا گینگ کے ہر رکن کی ذمہ داری تھی ۔اس طرح انہوں نے گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے 12اضلاع فیصل آباد، لاہور ،جہلم،ملتان، ننکانہ صاحب، جڑانوالہ ، دینہ، سیالکوٹ و دیگرعلاقوں میں ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتیں کی ہیں ۔ملزمان نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھی دن کے اوقات میں سفید پوش علاقوں میں امیر گھرانوں کی ریکی کرتے ، سربراہ خانہ کی نقل و حرکات نوٹ کرتے۔ ملزمان اس بات پر بھی نظررکھتے کہ جس گھر کو انہوں نے لوٹنا ہے اس کے گردونواح میں کن لوگوں کا رہن سہن ہے اور ا ن کے گھر میں آنے جانے کے کیا اوقات ہیں۔پھر پلاننگ کے تحت واردات کی نیت سے اس گھر میں دا خل ہو کر قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ کر فرار ہو جاتے ۔ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں۔ تفتیش جاری ہے ۔ خطرناک گروہ کی گرفتاری پر کاروباری حلقوں اورمعززین سمیت مقدمات کے مدعیان نے سی آئی اے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ۔ قائم مقام سٹی پولیس آفیسر محمدندیم کھوکھر نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔