آصف زرداری اپنی ہمشیرہ کو چیرمین سینٹ بنوا کر نظام پر مسلط رہنا چاہتے ہیں، سعد رفیق
اسلام آباد: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آصف زرداری بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں تاہم جمہوریت کے لبادے میں سینیٹ اراکین کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی بلوچستان کے کٹھ پُتلی وزیر اعلیٰ سے ملاقات سینٹ الیکشن میں شرمناک ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہے، بلوچستان میں تبدیلی درحقیقت جمہوریت کے غلاف میں لپٹی خرید وفروخت ہے، آصف زرداری نے بلوچستان سے سینٹ نشستیں لینے کے لیے جمہوریت دشمن سوچ کا ساتھ دیا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بھٹو کی پیپلز پارٹی کو بھاؤ تاؤ کا بازار بنائے رکھا ہے، وہ اپنی ہمشیرہ کو چیرمین سینٹ بنوا کر نظام پر مسلط رہنا چاہتے ہیں، سینٹ کنٹرول کرنے کے لیے آصف زرداری ہر جماعت کے ممبران کو خریدنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جمہوری قوتیں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں گی تاہم تحریک انصاف خبردار رہے کیوں کہ ان کے ممبران بھی آصف زرداری کی سودے بازی کے نشانہ پر ہیں، آصف زرداری کی کرپٹ سوچ نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو جمہوریت کے لبادے میں اراکین کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، گالیاں دو الزام لگاؤ یا سازش کرو تمھیں شرمناک جمہوریت کا دور واپس نہیں لانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کی کوئی نشست نہیں، قیوم سومرو کٹھ پُتلی حکومت بنانے کے گھناؤنے کھیل کا حصہ بنے رہے جب کہ پچھلے سینٹ الیکشن میں بھی آصف زرداری نے خرید و فروخت کی کوشش کی مگر زیادہ کامیابی نہیں ملی۔