آر پی او سلطان اعظم تیموری کا ڈی سی آفس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کے سلسلہ میں سپروائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ 1 اکتوبر
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
باہمی تعاون سے شر پسند عناصر کو شکست دیں گے ،تمام اداروں سے مل کر اور ان کے تعاون سے محرم الحرام کے دوران حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنایا جائے گا ،ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری کا ڈپٹی کمشنر آفس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کے سلسلہ میں سپروائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان ،سٹی پولیس آفیسر محمد اشفاق خان، مےئر میونسپل کارپوریشن شیخ ثروت اکرام،چےئرمین ضلعی امن کمیٹی قاری زاہد سلیم ،اے ڈی سی جی ڈاکٹر حفصہ رانی،اسسٹنٹ کمشنر ز (راؤ سہیل اختر ،رانا محمد جمیل) ،،ممبران امن کمیٹی (بابر رضوان باجوہ،مولانا سعید احمد صدیقی، مولانا حکیم افضل جمال،) ،ایم ڈی واسا خالد بشیر بٹ ،ایم ڈی جی ڈبلیو ایم سی مہران افضل،قائم مقام ڈی جی پی ایچ اے احد ڈوگر،اور دیگر محکموں کے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سربراہان اور افسران شریک تھے ۔
محرم الحرام کے دورا ن مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میں سپروائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ ضلع اور ڈویژن میں امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کاکردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی تعاون سے ملک دشمن عناصر کو شکست دیں گے اور محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو امن کی فراہمی اوولین ترجیح ہے قیام امن کے لیے امن کمیٹی کا جذبہ اور خدمات قابل تعریف ہیں اور امن کمیٹی کے عہدیداروں اور ممبران نے مختلف مکاتب فکر کے درمیان باہمی ہم آہنگی، رواداری اور اخوّت و بھائی چارے کے فروغ کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں ۔
اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے بتایا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی،راستوں کی صفائی،تجاوزات کے خاتمے اوردیگر انتظامات کے لیے تمام محکموں میں مثالی کو آرڈینیشن ہے ۔کنٹرول روم میں پولیس ،ضلعی انتظامیہ ، کارپوریشن،سوئی گیس ، جی ڈبلیو ایم سی ،واسا،گیپکو،ضلع کونسل،ہیلتھ،ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے نمائندے 3شفٹوں میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کر رہے ہیں۔سی پی او محمد اشفاق خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام محکموں کے سربراہان اور افسران اور فیلڈ عملہ پوری جان فشانی سے محکمانہ فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور علماء اکرام و ممبران امن کمیٹی کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر ،اے ڈی سی جی کی مرکزی کنٹرول روم اور تمام محکموں میں مثالی کو آرڈینیشن یقینی بنانے پر ذاتی لگن اور کوشش قرار دیا اور کہا کہ باہمی تعاون اور مثالی کو آرڈینیشن سے محرم کے انتظامات مثالی اہمیت کے حامل ہیں اور تمام محکمے اس جذبے اور محنت سے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں تا کہ محرم کے باقی ایّام بھی پُر امن طریقے سے اپنے اختتام تک پہنچائے جا سکیں ۔سی پی او نے واسا ،جی ڈبلیو ایم سی،میونسپل کارپوریشن ،ریسکیو 1122،حساس اداروں اور دیگر تمام اداروں کی طرف سے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اسی جذبے سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھنی ہو گی تا کہ شر پسند عناصر کو کسی بھی طرح کا شر پھیلانے اور شہر کا امن خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے ۔
مئر شیخ ثروت اکرام نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں انتظامات مثالی ہیں ،عزا داران اور شہریوں کو محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں ۔تمام محکموں کے سربراہان اور افسران محرم الحرام کے دوران بہترین سکیورٹی اوردیگر انتظامات کرنے پر مبا رک باد کے مستحق ہیں جس سے شہر اور ضلع کی فضاء پُر امن ہے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چےئرمین ضلعی امن کمیٹی قاری ذاہد سلیم نے کہا کہ امن کمیٹی علماء کا ایک گلدستہ ہپے جس میں تمام مسالک کی نمائندگی ہے اور علماء اکرام نے قیام امن کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ممبران امن کمیٹی نے شہر اور ضلع میں ماضی میں چھوٹے بڑے تنازعات اور جھگڑوں کو ضلع انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے احسن طور پر حل کیا ہے اور مستقبل میں بھی مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔محرم الحرام کے دوران صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات انتہائی اطمینان بخش ہیں جس میں انتظامیہ پولیس اور متعلقہ اداروں کے افسران اور سربراہان کی شب و روز کی محنت شامل ہے ، انتظامات سے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین بھی مکمل طور پر مطمعین ہیں ۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی اور قیام امن کے لیے کام کرنے والے اداروں اور افرادکے لیے خصوصی دُعا کی گئی ۔