آج کے فیصلے سے ثابت ہوگیا نوازشریف کو ہٹانے کیلیے اقامہ بہانہ تھا،مریم نواز
مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ اقامہ صرف بہانہ تھا نواز شریف نشانہ تھا۔
چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دینے کی دائر درخواست مسترد ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج جانب دارانہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں اور ثابت ہوگیا ہے کہ اقامہ صرف بہانہ تھا اور نوازشریف نشانہ تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے نے اس تاثر پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور اب شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی بھی سازش، دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہے کیوں کہ عوام کا اصل نمائندہ نوازشریف ہے۔
مریم نواز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی سطر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اپنی آف شور کمپنی ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا لیکن نوازشریف پر ایک خیالی تنخواہ ظاہر کرنا ضروری ٹھہرا۔