آئین اور جمہوریت کے بچاؤ کیلیے آخری حد تک جائیں گے، طاہر القادری
لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 17 جنوری کو مال روڈ پر بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور جمہوریت کے بچاؤ کیلیے آخری حد تک جائیں گے۔
لاہور میں دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 16 تاریخ کو اہم اجلاس ہوگا جس میں احتجاج کے سارے آپشن کی بات پر غور کیا جائے گا اور 17 جنوری کو مال روڈ پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا جو حکمرانوں کے خلاف احتجاج کا آخری راؤنڈ ہوگا۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے ناانصافی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ہم سرمایہ داروں کو سیاست سے نکالنے کے لیے بیٹھے ہیں جب کہ احتجاج میں تمام جماعتیں شامل ہوں گی اور اس دوران ہرجماعت اپنے اپنے کارکنوں کا خرچہ خود کرے گی۔
واضح رہے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی تھی جس نے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کو مستعفیٰ ہونے کے لیے 7 روز کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی جس کے بعد حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔