آئندہ الیکشن میں عوام ن لیگ کے حق میں فیصلہ دینگے، وزیر اعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جولائی میں عوام جو فیصلہ کریں گے وہی اصل فیصلہ ہو گا، جولائی کے الیکشن میں عوام کا فیصلہ ن لیگ کے حق میں ہو گا، آئندہ انتخابات ن لیگ کے لیے 2013ء سے بہتر ثابت ہوں گے۔
کہوٹہ کے علاقے نڑھ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کہوٹہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے نوجوانوں نے جرات اور بہادری کی روایت کو زندہ رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہی عوام کی خدمت کی ہے اور ترقیاتی کام کرائے ہیں، کہیں بھی چلے جائیں آپ کو کام مسلم لیگ ن کے ہی کام نظر آئیں گے، موٹر ویز ہوں، کارخانے یا پھر دیگر چیزیں، سب ن لیگ کی ہی کارکردگی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن سے ہمارا مقابلہ ہے وہ کسی اور قسم کی سیاست کرتے ہیں، گالی، الزام تراشی اور بہتان کی سیاست پاکستان میں نہیں چل سکتی، پاکستان میں صرف شرافت کی سیاست چلے گی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں فتح نواز شریف اور ن لیگ کی ہو گی اور آئندہ الیکشن ن لیگ کے لیے 2013ء سے بھی بہتر الیکشن ہوں گے۔