،دونوں ہاتھوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کو اب صوبے کی یادآئی:احسن اقبال
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی سیاست کو علاقائی سیاست میں بانٹا جارہا ہے،ن لیگ چھوڑنے والوں نے کبھی جنوبی پنجاب کی آواز نہیں اٹھائی، جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے دونوں ہاتھ سے اقتدار کے مزے لوٹے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن سے دو ماہ قبل جنوبی پنجاب کا یکایک احساس کیسے جاگا؟ معاملہ جنوبی پنجاب کے حقوق کا نہیں بلکہ ڈگڈگی کے کھیل کا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ 2002 کے مقابلے میں 2018 میں عوام زیادہ باشعور ہیں، ق لیگ اور پیٹریاٹ گروپ بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، قومی سیاست کو علاقائی سیاست میں بانٹا جارہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو جن خطرات کا سامنا ہے ان کا مقابلہ ایسے نہیں ہوسکتا، ہوش کے ناخن نہ لیے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
خیال رہے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے حکمران جماعت کے ناراض اراکین اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس میںپارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔منحرف ارکان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کی سبراہی سابق وزیراعظم بلخ شیرمزاری کریں گےپارٹی چھوڑنے والے ارکان میں مخدوم خسرو بختیار، عالم ڈار لالیکا ، باسط بخاری، سید اصغر علی شاہ اور رانا قاسم نون شامل ہیں۔